16 مئی 2015 - 13:41
افغانستان میں ساڑھے چار سو سے زائد طالبان ہلاک اور زخمی

افغانستان کی وزارت داخلہ اور دفاع نے کہا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران افغان پولیس کی کارروایوں میں دو سو نواسی طالبان ہلاک اور ایک سو نواسی زخمی ہو گئے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ قندوز، فاریاب، بدخشان، سرپل، قندھار، زابل، ارزگان، غزنی، پکتیکا، ننگرہار اور غور صوبوں میں افغان پولیس کی کارروائیوں میں ایک سو اڑتیس طالبان ہلاک اور تراسی زخمی ہوئے ہیں- بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں سات طالبان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے اور طالبان کے بہت سے ہلکے اور بھاری ہتھیار اور پچپن مرٹر سائیکلیں بھی افغان پولیس کے ہاتھ لگی ہیں جبکہ سات بموں کا پتہ لگا کر انھیں ناکارہ بنا دیا گیا- دوسری جانب افغانستان کی وزارت دفاع نے بھی ایک الگ بیان میں اعلان کیا ہے کہ گزشتہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران افغان فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک سو اکیاون طالبان ہلاک اور ایک سو زخمی ہوئے ہیں- اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران سڑک کے کنارے نصب پندرہ بموں کا پتہ لگا کر انھیں ناکارہ بنا دیا گیا جبکہ بہت سا اسلحہ اور گولہ بارود بھی افغان فوج کے ہاتھ لگا ہے- اس بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران طالبان کے ساتھ جھڑپ اور سڑک کنارے نصب بموں کے پھٹنے سے سولہ افغان فوجی مارے گئے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169